مرحومہ ایک بہترین صحافی، وضع دار اور ایک سنجیدہ خاتون تھیں، شازیہ سراج
تعزیتی ریفرنس میں صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں کی شرکت
مرحومہ عطیہ چیمہ کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے دعائے صبر جمیل کی گئی
دبئی (طاہر منیر طاہر) امارات میں مقیم پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کی دبئی میں بیورچیف عطیہ چیمہ پاکستان میں انتقال کر گئیں، وہ ایک عرصہ سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔
مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا،متحدہ عرب امارات میں مقیم صحافی فورمز کے عہدیداران و ممبران اور پاکستانی قونصلیٹ کی پریس قونصلر شازیہ سراج اور سیاسی وسماجی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔
شازیہ سراج نے مرحومہ کے بارے میں بتایا کہ ان کے ساتھ انکے ذاتی مراسم تھے اور وہ ایک سنجیدہ خاتون تھیں،پاکستان مسلم لیگ ن امارات کے صدر غلام مصطفیٰ مغل نے مرحومہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عطیہ ایک بہادراور سچی صحافی تھیں۔
صدر پی جے ایف طاہر منیر طاہر نے کہا کہ مرحومہ کووہ2011 سے جانتے تھے وہ ایک خوددارصحافی خاتون تھیں، سینئر رہنماء پی ٹی آئی عرفان افسر اعوان کا کہنا تھا کہ امارات میں عطیہ چیمہ نے صحافت میں خواتین کی بہترین نمائندگی کی۔
پی ایف یو جے کے جنرل سیکریٹری انصر اکرم نے مرحومہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ شفقت کا ہاتھ ہمارے سر پر رکھتی تھیں،پی جے ایف کے انفارمیشن سیکرٹری اعجاز گوندل کا کہنا تھا کہ مرحومہ نے کبھی محسوس نہیں ہونے دیا کہ انہیں کینسر جیسا موذی مرض لاحق ہے۔
تعزیتی ریفرنس میں سید مدثرخوشنود ، رانا ارشد، طارق ندیم ، محمد نعیم، ملک شہزاد، راجہ عابد حسین ، راجہ عرفان، حسین عمران، عبدالرحمان رضا، سجاد اکبر، کاشان تمثیل ہاشمی، ڈاکٹر شہزاد اور دیگر نے شرکت کی۔آخر میں مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔