پاکستان کے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز سے تجارت دوگنی ہوگی، ڈاکٹر سیف الدین

0

پاکستان میں دبئی فری زونز کے طرز کے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز قائم کئے جائیں گے جن سے اگلے تین سالوں میں پانچ ارب ڈالرز کی برآمدات کی جاسکیں گی

پاکستان بزنس کونسل دبئی کا سیف الدین جونیجو، چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے اعزاز میں عشائیہ

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اماراتی حکومت تیار ہے،نائب چیئرمین ڈی پی ورلڈ فخر عالم

دبئی (طاہر منیر طاہر) چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سیف الدین جونیجونے کہا ہے کہ پاکستان کے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز سے تجارت دوگنی ہوگی،تمام اراکین کو چیئرمین کے ساتھ بات چیت کرنے سے پاکستان میں بالخصوص EPZ میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع دیکھنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا ہو گا۔

پاکستان بزنس کونسل دبئی نے سیف الدین جونیجو، چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں وائس چیئرمین ڈی پی ورلڈ فخر عالم،کمرشل قونصلر عدیم خان، ایچ او سی رحیم اللہ خان، وائس قونصلر فواد احمد خان، شبیر مرچنٹ، محمد نفیس، محمد اعجاز احمد، رئیس قریشی، بیرسٹرعلی قریشی، ثمینہ ناصر، مصطفیٰ سلطان، محمد ثقلین، سلطان محمد، اور شفیق الرحمن نے شرکت کی۔

اس موقع پرچیئرمین ایکسپورٹ پراسسنگ زون پاکستان ڈاکٹر سیف الدین جونیجو نے کہا کہ پاکستان میں دبئی فری زونز کے طرز کے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز قائم کئے جائیں گے جن سے اگلے تین سالوں میں پانچ ارب ڈالرز کی برآمدات کی جاسکیں گی،ڈاکٹر سیف الدین جونیجو ’’پاکستان بزنس کونسل دبئی‘‘ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان ایکسپورٹ پراسسنگ زون کے وفد نے ڈاکٹر سیف الدین جونیجو کی سربراہی میں دبئی فری زونز اور دیگر بزنس سینٹرز کا دورہ کیا۔ انھوں نے حکومت دبئی کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے کاوشوں کو سراہا۔

ڈاکٹر سیف الدین جونیجو نے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ پراسسنگ زونز سے برآمدات کا ہدف اگلے تین سال میں پانچ ارب ڈالرز ہے، جبکہ پاکستان کے ایکسپورٹ پراسسنگ زون سے فی الحال برآمدات ایک ارب ڈالرز ہے جس میں اضافے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈئرایکٹر پاکستان بزنس کونسل اور ہیمانی بزنس گروپ کے مصطفی ہیمانی نے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ پراسسنگ زونز اور دبئی فری زونز کے درمیان مشترکہ تعاون کے کاروباری منصوبوں پر غور کیا جارہا ہے جن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

مصطفی ہیمانی کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز میں سرمایہ کاری سے وسیع منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی اقبال داؤد نے پاکستان ایکسپورٹ پراسسنگ زونز کے حکام کے دورہ دبئی کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جلد سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

انھوں نے پراسسنگ زونز میں سرمایہ کاری کی مراعات قابل رشک قرار دیا۔ حال ہی میں نامزد ہونے والے ڈی پی ورلڈ کے نائب چیئرمین فخر عالم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اماراتی حکومت تیار ہے اور بہت جلد سرمایہ کاری پر معاہدوں کیلئے پاکستان جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!