علی شیر نے تمام شرکاء کی پسند کے گیت،صوفیانہ کلام،اردو اور پنجابی گانے پیش کیے
مختلف تنظیموں نے ان کی گائیکی سے لطف اندوز ہونے کیلئے امارات کی ریاستوں میں محفلوں کا اہتمام کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) امارات کی ریاست دبئی میں فیصل آباد سے آئے ہوئے گلوکار علی شیر کی آمد اہل دبئی کے لئے بہار کا تازہ جھونکا ہے، پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والےگلوکار علی شیر اپنی بہترین موسیقی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہارتقریب کی مہمان خصوصی مسزساجدہ دلبرحسین نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد نے پوری دنیا میں موسیقی کے حوالے سے اپنا نام بنایا ہے، حال ہی میں علی شیر کو امارات کی مختلف تنظیموں نے ان کی گائیکی سے لطف اندوز ہونے کیلئے مختلف ریاستوں میں محفلوں کا اہتمام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی شیر نے اپنے فن کا مظاہرہ دنیا کے بیشتر ممالک یورپ، یو کے اور امریکہ کے شہروں میں کیا،علی شیر ایک پڑھے لکھے باشعور اور انتہائی خوبصورت شخصیت کے مالک ہیں، انتہائی عاجزی و انکساری ان کی شخصیت کا حصہ ہے، اپنے اسٹائل اور ظاہری خوبصورتی بھی اجاگر ہونے میں ان کا اپنے ہی انداز ہے۔
انہوں نے اس محفل میں تمام شرکاء کی پسند کے گیت، صوفیانہ کلام، اردو اور پنجابی گانے پیش کر کے داد وصول کی، مسزساجدہ دلبرحسین نےکہا کہ رات گئے تک علی شیر کے گیتوں نے محفل کو گرمائے رکھا اور سب کے دل موہ لئے۔
تقریب میں نور الصباح ، اسلم سرکانی دبئی، شارجہ، عجمان سے دیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی، علی شیر کی خوبصورت آوازاور گیتوں کا انتخاب انتہائی خوش کن تھا۔
مسزساجدہ دلبرحسین نے کہا کہ امارات کے حکمرانوں کی اعلیٰ خدمات کے سائے تلے ہم سب اسی طرح خوش و خرم رہیں اوراللہ کریم علی شیر کو بھی مزید کامیابیاں اور کامرانیاں عطاء فرمائے۔