کویت میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یوم پاکستان کی پُروقار تقریب

1

کویت(محمدعرفان شفیق)23مارچ،یوم پاکستان کی مناسبت سے سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، سفیر پاکستان ملک محمد فاروق اور دیگر سفارتکاروں نے مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر تیل ڈاکٹر بدر حامد یوسف الملا، نائب وزیر خارجہ برائے ایشائی امور سميح عيسی حیات، کویتی وزارت خارجہ کے عہدیداران، کویت میں مقیم مختلف ممالک کے سفارتکاروں، بڑی تعداد میں سفارتی کور، کویتی عمائدین، ممتاز کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد اور ہر شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اسکول کے بچوں نے روایتی بینڈ کی دُھن پر مہمانان گرامی کا استقبال کیا۔

تقریب میں کویت اور پاکستان کے برادرانہ سفارتی تعلقات کے 60سال مکمل ہونے پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ مختلف پاکستانی اسکولوں کے بچوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ثقافتی رقص بھی پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے کہا کہ کویت اور پاکستان کے 60 سالہ سفارتی تعلقات مثالی ہیں۔ پاکستان اور کویت کے تعلقات نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوامی طور پر بھی بہترین ہیں اور پاکستانی عوام اپنے کویتی بھائیوں کے شانہ بشانہ وطن ثانی کویت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج کا پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی، آرٹ، طب اور انسان دوستی کے میدان میں بہت سی کامیابیوں کی داستانوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

آخر میں تمام حاضرین کی تواضع مختلف انواع کےپاکستانی کھانوں سے کی گئی اور کویت پاکستان دوستی کیک بھی کاٹا گیا۔

1 Comment
  1. فیاض وردگ says

    کویت میں مقیم تمام پاکستانیوں کو یوم پاکستان مبارک ھو کل کا پروگرام بہت شاندار تھا جسکے لئے سفارت خانہ پاکستان کے جملہ اراکین محترم سفیر پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی قابل ستائش قابل مبارکباد ہیں
    فیاض وردگ

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!