پاکستان کے83ویں یوم پاکستان کے موقع پردبئی قونصلیٹ میں پرچم کشائی کی تقریب

0

قونصل جنرل نے امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی

آج ہم اپنے آباؤ اجداد کو اپنے خوبصورت وطن کی تخلیق میں ان کی جدوجہد اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں

23 مارچ 1940 کے دن قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے لاہور میں”قرارداد پاکستان”منظور کی گئی

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں 83واں یوم پاکستان قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، دبئی کے احاطے میں پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ منایا گیا۔ دبئی اور شمالی امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے پاکستانی قونصلیٹ میں قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ قونصل جنرل نے امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور اس دن کی اہمیت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ 23 مارچ 1940 کا دن تھا جب قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے لاہور میں "قرارداد پاکستان” منظور کی اور اپنے سفر کا آغاز کیا۔

آزادی اور قومیت کی طرف اپنے غیر متزلزل عزم کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن ’’پاکستان‘‘ تشکیل دیا جہاں وہ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔ اس آزادی کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے آباؤ اجداد کو اپنے خوبصورت وطن کی تخلیق میں ان کی جدوجہد اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار اور شراکت کو سراہتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کمیونٹی نہ صرف قیمتی ترسیلات وطن بھیج رہی ہے بلکہ اپنے میزبان ملک کی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 1.6 ملین پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان عوام پر مبنی تعلقات کا مظہر ہے۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسی عزم اور محنت کے ساتھ کام جاری رکھیں۔ قونصل جنرل نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات کو یاد کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی دور اندیش قیادت میں یو اے ای کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید فروغ پاتے رہیں گے۔

تقریب کے موقع پر تحریک پاکستان کی نایاب تصاویر پر مشتمل فوٹو گرافی کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا اختتام ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعا پر کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!