اوٹاوا(ویب ڈیسک)کینیڈا میں اسلامو فوبیا واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور صرف ایک ہفتے میں مسجد پر نفرت انگیز حملے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے امام مہدی اسلامک سینٹر میں ایک مشتعل شخص نے اپنی کار دروازے پر کھڑی کردی اور نمازیوں کو مسجد میں جانے سے روکنے کی کوشش کرتا رہا۔
جنونی شخص نمازیوں کے سامنے جا کر اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں نفرت انگیز نعرے بھی لگاتا رہا۔ نمازیوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور صورت حال کو کنٹرول کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے 47 سالہ شخص کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جہاں اس کے خلاف نفرت انگیزی اور تشدد کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ ملزم کی شناخت محسن بایانی کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل اسلامک سینٹر آف مارکھم میں ایک ملزم نے نمازیوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی تھی جسے پولیس نے تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔