پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام عمران خان کے حق میں مظاہرہ

0

پیرس(رپورٹ:سلطان محمود) پاکستان تحریک انصاف فرانس کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے واقعات اور ان کے ردعمل پر تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن پر پیرس میں پلاس دو لا ری پبلک کے مقام پر ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔

’’نکلو پاکستان کے لئے‘‘کے عنوان سے ہونے والے اس مظاھرے میں سینکڑوں مردو خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم ، تحریک انصاف کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاھرین پاکستان میں تحریک انصاف کے خلاف ہونے والی ریاستی کارروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ہورہا ہے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت بدترین ریاستی جبر کا شکار ہے،تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے لیکرہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے،ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں جن کا مقصد تحریک انصاف پر پابندی لگانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، اس سے پہلے بھی انھیں قتل کرنے کی سازش کی جاچکی ہے،ان کا کہنا تھا کہ آج کا احتجاج پاکستان میں ہونے والی فسطائیت اور ظلم کے خلاف ہے،ہما ری خواتین اور کارکنان کو گرفتار کر کے انھیں غائب کیا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا ہم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے یہ سب کچھ بہت تشویشناک ہے،کیونکہ پاکستان سے عجیب وغریب اور افسوسناک اطلاعات آرہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پاکستانی عوام اور فوج کو آمنے سامنے لایا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو الیکشن میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے وہ انتخابات سے فرار حاصل کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کو پامال کیا جارہاہے،مقررین کا کہنا تھا کہ جن شرپسند عناصر نے 9مئی کو توڑ پھوڑ کی اور فوجی مقامات پر آگ لگائی ،ان کی نشاندھی کرکے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بے گناہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، گھروں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کیا جائے،ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور ملک کی معاشی حالت انتہائی تشویشناک ہے،اس کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات کا جلد از جلد انعقاد کرانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!