طالب علم ہمارا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں،مسابقتی ماحول کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیاررکھیں،سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی
شہید ذوالفقارعلی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گزشتہ بیس سال سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے،ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ہمایوں نعیم
اکیڈمک سٹی دبئی میں قائم پاکستانی تعلیمی ادارہ SZABIST کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر سٹوڈنٹس کو غیرنصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پر سرٹیفکیٹس دیے گئے
یونیورسٹی میں دیگر قومیتوں کے سٹوڈنٹس کو داخلہ دینے کی اجازت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان HEC کا شکریہ ادا کیا گیا
تعلیمی اہلیت کی بنیاد پرSZABIST یونیورسٹی کی تین طالبات کو متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا ملا جو یونیورسٹی کے لئے اعزاز ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر) اکیڈمک سٹی دبئی میں قائم پاکستانی تعلیمی ادارہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی SZABIST کی بیسویں سالگرہ کے موقع پرسفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ طالب علم ہمارا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، ہمیں ان کی اعلی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے جبکہ طلباء کو بھی چاہیے کہ وہ آگے بڑھنے والے مسابقتی ماحول کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو تیار کرتے رہیں۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ SZABIST نہ صرف پاکستانی سٹوڈنٹس بلکہ دیگر اقوام کے سٹوڈنٹس کو بھی اعلی معیار کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کر رہا ہے، انہوں نے دبئی کیمپس کے طلباء، اساتذہ اور عملے کو متحدہ عرب امارات میں انتہائی کم فیس کے ساتھ یہ شاندار تعلیمی اور ترقی کا پلیٹ فارم فراہم کرنے میں ان کی بھرپور کوششوں پر مبارکباد دی۔
سفیر پاکستان نے یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ وہ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد جہاں بھی جائیں وہاں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کریں،خاص طور پر دیگر ممالک کے لوگوں کو پاکستان کے تفریحی مقامات کے بارے بتائیں اور انھیں پاکستان کی سیاحت کی ترغیب دیں۔

یہاں رہتے ھوئے اپنی واحد یونیورسٹی SZABIST کے بارے بھی دیگر ممالک کے لوگوں کو بتائیں اور یہاں حصول تعلیم کی ترغیب بھی دیں، یونیورسٹی کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ہمایوں نعیم نے استقبالیہ پیش کرتے ھوئے معزز مہمانوں کوخوش آمدید کہا اور دبئی کیمپس کی کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہذا کی تین طالبات بی بی اے گریجویٹ اسرا شاہ، ایم ایس سی ایس گریجویٹ بشریٰ یوسف اور بی بی اے گریجویٹ آمنہ بی بی کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا دیا گیا ہے جو یونیورسٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

ڈاکٹر ہمایوں نعیم نے کہا کہ SZABIST دبئی کیمپس نے اب تمام قومیتوں کےلئے حصول تعلیم کے دروازے کھول دئیے ہیں جس پر ہم ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان HEC کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ڈاکٹر ہمایوں نعیم نے مزید کہا کہ ہم نے فروغ تعلیم کے لئے بحرین، فلپائن، ملائیشیا اوربنگلہ دیش کے قونصل خانوں اور سفارتی مشنوں کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات استوار کئے ہیں۔
SZABIST کا دبئی کیمپس دبئی، شارجہ، عجمان، ابوظہبی اور العین میں کام کرنے والے فیڈرل بورڈ اسکولوں کے ساتھ تعاون میں سرگرم عمل ہے۔ مندرجہ بالا اسکولوں کے طلباء، عملے اور اساتذہ کے لیے "ہماری روزمرہ کی زندگی میں تناؤ سے نمٹنے کی تکنیک کے موضوع پر سیمینارز کا بہت معلوماتی اور بصیرت انگیز سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

یہ SZABIST دبئی کیمپس کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی کے لیے ایک خدمت ہے۔ کیمپس اس طرح کی خدمات کا دائرہ متحدہ عرب امارات کے معاشرے کے دیگرشعبوں تک وسیع کرنے کے لئے بھی پرعزم ہے۔
ڈاکٹر ہمایوں نعیم نے کہا کہ KHDA کی اعلیٰ تعلیمی درجہ بندی کے مطابقSZABIST دبئی کیمپس 11 بہترین اداروں میں سے ایک ہے جو ہمارے لئے قا بل فخر ہے، SZABIST کی بیسویں سالگرہ کے موقع پرکیک کاٹا گیا اورسٹوڈنٹس کو غیرنصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پر سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔
تقریب سے پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر طاہر منیر طاہر اور سینئر نائب صدر سعدیہ عباسی نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کی کاوشوں پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔