جرمنی میں ہونیوالے اسپیشل اولمپکس میں حصہ لینے کیلئے پاکستان سے137رکنی وفد برلن پہنچ گیا

0

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر )رواں ماہ 17 جون سے 25 جون تک ہونے والے اسپیشل اولمپکس میں حصہ لینے کے لئے پاکستان سے 137 رکنی وفد جرمنی پہنچ گیا ۔جرمنی میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس میں پاکستان سے آئے54مرد اور 33خواتین کھلاڑی کل گیارہ مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

51سال بعد جرمنی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹ میں شامل ہونے والے 190ممالک کی ٹیمیں جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔برلن میں اسپیشل اولمپکس کا باقاعدہ آغاز 17 جون سے ہوگا جو کہ 25 جون تک جاری رہے گا۔

ان مقابلوں میں 27 ہزار ایتھلیٹس ، 26 مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔پاکستان سے برلن ائیر پورٹ پہنچنے والی ٹیموں کا استقبال یہاں موجود سفارتخانہ پاکستان کے عملے نے پھولو ں کے گلدستوں سےکیا ۔

اس موقع پر سفیر جسٹس ہیلپ لائن یورپین یونین،فوکل پرسن اوورسیز پاکستان اور پریذیڈنٹ گرینڈ اوورسیز کلب میاں مبین اختر کی جانب سے بھی آنے والے مہمانوں کا زبردست استقبال کیا گیا اور شرکاء کو پھولوں کے گلدستے، جرمنی کی یادگاریں اور دیگرتحائف پیش کیے اور پاکستان سے آئے وفد میں شامل چیئر پرسن رونق لاکھانی ، شمیلہ ارم، یاسمین ، سلیم سے ملاقات کی۔جہاں ان کے ساتھ پاکستانی ہونہار طلبہ پر مبنی ٹیم بھی موجود تھی جن میں حسن ، محمد علی ، عبدالرحیم اور کلیم شامل تھے ۔

موقع پر موجود تما م افراد نے پاکستان اولمپکس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی مل کر کام کرنےکے عزم کااظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی اپنی بہترین پرفارمنس کی بدولت پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

پاکستان ایتھلیٹس کے وفد میں شامل یاسمین حیدر ایڈوائزر ٹو بورڈ اسپیشل اولمپکس پاکستان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آج ہم بے حد خوش ہیں کہ اس اولمپکس میں حصہ لینے ہمارے 137 ممبران جرمنی آئے ہیں اور اس موقع پر جس طرح ہمارا والہانہ استقبال کیا گیا اس نے ہمیں اور پرجوش کر دیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑی اس بار 11 کھیلوں،جن میں ایتھلیٹکس، بیڈ منٹن، باسکٹ بال ،بوچے، سائیکلنگ، فٹسال، ہاکی، پاور لفٹنگ، تیراکی، ٹینس اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں،میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

2019میں ہونے والے ابو ظہبی پیرا اولمپکس میں 92 پاکستانی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اور 61 میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!