یورپین یونین،بلجیم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کی بلجیم میں موجود پاکستانی صحافیوں سے ملاقات

0

صحافت و صحافی، حکومت اور کمیونٹی کے درمیان معلومات کی فراہمی کا پہلا پُل ہوتے ہیں، آمنہ بلوچ

برسلز (نمائندہ خصوصی) یورپین یونین، بلجیم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے بلجیم میں موجود پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کی ہے۔ بطور سفیر آمد کے بعد اپنی پہلی تعارفی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ صحافت اور صحافی حکومت اور کمیونٹی کے درمیان معلومات کی فراہمی کا پہلا پُل ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہ تعلقات مزید مظبوط ہوں۔

پاکستان و یورپین یونین اور پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی بہت اچھے ہیں لیکن میری کوشش ہوگی کہ جہاں مجھ سے پہلے یہاں تعینات سفراء نے کام کو چھوڑا ہے، میں اسے آگے لے جانے میں اپنا کردار ادا کروں۔

اس حوالے سے انہوں نے پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے حالیہ دورہ برسلز کا ذکر کیا جنہوں نے مختصر وقت میں یورپین قیادت سمیت یورپین پارلیمنٹ کی کلیدی کمیٹیوں کے اہم ممبران سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پیرس میں پاکستانی وزیر اعظم کی ملاقاتیں بہت مثبت رہیں اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اپنی ملاقات کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر پر پاکستان کیلئے انتہائی مثبت جذبات کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ آج کی دنیا میں جیو پولیٹیکل پوزیشنیں اور مفادات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ یہ لمحے مشکل بھی ہوتے ہیں لیکن انہی میں مواقع بھی چھپے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان تبدیلیوں پر نظر رکھتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

آخر میں کوویڈ-19 سے لیکر مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اس ملاقات کے موقع پر پریس قونصلر داؤد احتشام، اور سفارتخانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!