مالمو (زبیر حسین) سویڈن میں ہفتہ وحدت المسلمین کےحوالے سے مذہبی تقریبات کا سلسلہ جاری، پاکستانی مذہبی جماعتوں نے فلسطینی عوام کے لئے دعاؤں کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینیوں کے لئے امداد بھجوانے کا عزم بھی کرلیا، باقرالعلوم سویڈن کی انتظامیہ نے جشنِ صادقین کی تقریب میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے لئے ضروریاتِ زندگی کی اشیاءبھجوائی جائیں گی۔
اسرائیلی جارحیت کے بعد اب یورپ بھر میں مسلمان تنظیموں کی سوچ کا محور مسئلہ فلسطین ہے، پاکستانی مذہبی جماعتوں کے زیرِاہتمام ہونے والی تمام تر مذہبی تقاریب میں نہ صرف فلسطینی بھائی بہنوں کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں بلکہ ضروریاتِ زندگی کے سامان کے حوالے سے فلسطینی عوام کی مدد کے لئے بھی پاکستانی پرعزم ہیں۔
باقرالعلوم سویڈن کی جانب سے جشنِ صادقین کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی،مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
سویڈن کے مقامی خطیب مشبر عباس نجفی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے باہمی اتحاد سے ہی مسلم دنیا کےمسائل کا دیرپا حل نکالا جاسکتا ہے۔ باقرالعلوم سویڈن کی انتظامیہ نے اپنے ادارے کی رجسٹریشن کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے اپنے پلیٹ فارم سے امدادی اشیاء ان اداروں کے سپرد کریں جن کو متاثرہ علاقوں میں رسائی حاصل ہے۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم اس کارخیر میں باقر العلوم کی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں گےاور ان اداروں کا تعین کریں گے جو خصوصاً غزہ میں مسلمانوں کی مدد کررہے ہیں۔