عید الفطر کے بعد پاکستان سوشل سینٹرشارجہ میں ’’میٹھی عید پر میٹھا فیسٹول‘‘ منعقد کیا گیا

0

لذیذ اور ذائقہ دار سویٹ ڈش بنانے کا مقابلہ ہوا، تین مختلف کیٹیگریز میں تین خواتین فاتح رہیں

ڈاکٹر نورالصباح اور صدر پاکستان سوشل سینٹر خالد حسین چوہدری نے چار بہترین سویٹ ڈشز کو منتخب کیا

اگلے سال ماہ رمضان میں ذائقہ دار پکوڑوں کی تیاری کا مقابلہ کرایا جائے گا

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سینٹرشارجہ میں ’’ میٹھی عید پر میٹھا فیسٹول‘‘منعقد ہوا،جس میں لذیذ اور ذائقہ دار سویٹ ڈش بنانے کا مقابلہ ہوا اور اس مقابلے کی تین مختلف کیٹیگریز میں تین خواتین فاتح رہیں۔

پاکستان سوشل سینٹر کے زیر انتظام عید فیسٹول کا میٹھا مقابلہ خاصہ دلچسپ رہا جس میں پندرہ سے زائد شرکاء نے شرکت کی اور اپنے اپنے گھروں سے سویٹ ڈش پکا کر لائے جن کو ججز نے انتہائی باریک بینی سے دیکھا، چکھا اور میٹھا بنانے والوں سے اجزاء ترکیبی دریافت کئے۔ جس کے بعد ججز ڈاکٹر نورالصباح اور صدر پاکستان سوشل سینٹر خالد حسین چوہدری نے چار بہترین سویٹ ڈشز کو منتخب کیا۔

سوئیٹ ڈش شیرخورمہ کیٹیگری میں تانیہ فخر نے کیش پرائز اپنے نام کیا جبکہ برصغیر کے روایتی میٹھے حلوہ کیٹیگری میں عاصمہ فاطمہ نے انعام جیتا۔ اس کے ساتھ ہدیٰ یامین نے انٹرنیشنل سوئیٹ ڈش مقابلے کی کیٹیگری میں مشہور برطانوی میٹھا پکوان ٹرائیفل بنا کر انعام جیتا۔

پاکستان سوشل سینٹر میں سوئیٹ ڈش کے سخت و دلچسپ مقابلہ میں روایتی میٹھے حلوہ کیٹیگری میں ججز نے شبنم قمر کے تیار کردہ حلوہ کو بھی سراہا اور اعزازی ایوارڈ سے نوازا۔ فیسٹول کے فاتحین کو پانچ پانچ سو درہم کی عیدی بطور انعام دی گئی۔

فیسٹول میں انعام جیتنے پر تانیہ فخر نے کہا کہ مقابلہ جیت کر بہت خوشی ہورہی اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے مقابلہ میں عیدی ملی تو لطف دوبالا ہوگیا۔ جبکہ عید کے موقع پر میٹھے فیسٹول کی دوسری فاتح عاصمہ فاطمہ کا خیال تھا کہ وہ بڑی محنت سے حلوہ پکا کر لائیں تھیں۔ جس کی تیاری میں کئی گھنٹے صرف ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ وہ اگلے سال ایک بار پھر مقابلہ جیتنے کی کوشش کریں گی، جبکہ بہترین میٹھا پکوان ٹرائیفل تیار کرنے پر ہدیٰ یامین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہا ان کو مقابلہ جیتنے کی توقع نہیں تھی لیکن ان کے تیار کردہ میٹھے کو پسند کیا گیا جس پر وہ خوش اور منتظمین کی شکر گزار بھی ہیں۔

عید فیسٹول میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری اور مہمان خصوصی ممتاز کاروباری شخصیت صلاح الدین ترین نے ’’میٹھا فیسٹول‘‘ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جبکہ پروگرام میں نظامت کے فرائض حسب سابق صائمہ نقوی نے انجام دیے۔

اس موقع پر خالد حسین چوہدری نے کہا کہ کم وقت میں سوئٹ ڈش کا مقابلہ کرانا بہت بڑا چیلنج تھا مگر اس چیلنج کو صائمہ نقوی اور فراز احمد نے بہت خوش اسلوبی سے نبھایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عید فیسٹول نے وطن سے دور، وطن کا ذائقہ فراہم کیا، وطن سے دور اوورسیز پاکستانیوں کے چہروں پر خوشیاں دیکھی گئیں۔

پاکستان سوشل سینٹر شارجہ نے عید پر پہلی بار سویٹ ڈش مقابلہ منعقد کرایا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی میٹھی عید پر میٹھی میٹھی ڈشز انجوائے کریں اور اپنے بچپن کی عیدوں کو یاد کریں۔ اگلے سال رمضان میں ہم پکوڑوں کا مقابلہ بھی کرائیں گے” جبکہ پاکستانی بزنس ویمن اور مقابلے کی جج ڈاکٹر نور الصباح نے مقابلے کو سراہا اور جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔

ڈاکٹر نور الصباح نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے بہت سے پاکستانی عید منانے آج کل پاکستان گئے ہوئے ہیں ایسے میں پاکستان سوشل سینٹرشارجہ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک چھت تلے جمع کیا اور عید فیسٹول منا کر عید کی خوشیاں دوبالا کردیں اور وطن سے دوری کا احساس نہیں ہونے دیا ’’ میٹھی عید پر میٹھا فیسٹول‘‘میں کلچرل پروگرام بھی منعقد ہوا جس سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!