یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیراہتمام کویت میں جشن یوم آزادی کی تقریب

0

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیراہتمام مقامی ریسٹورنٹ میں سمر کیمپ کی اختتامی تقریب اور پاکستان کا یوم آزادی نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔

پروگرام کی خاص بات یوتھ ونگ کی طرف سے ہر سال منعقد کیے جانے والے سکول کے بچوں کے "سمر کیمپ” کے اختتام کو جشن یوم آزادی کے ساتھ منانا تھا اور یہ تمام پروگرام سمر کیمپ کے بچوں، والدین ،سمر کیمپ کی ٹیم اور سمر کیمپ کے اساتذہ کے ساتھ مل کر ہی ترتیب دیا گیا تھا، پروگرام کا آغاز محمد ایان نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔

صدر یوتھ ونگ عبدالغفار نے یوم آزادی ،سمر کیمپ اور یوتھ ونگ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ نوجوان حمد ندیم نے ملی نغمہ "اے میرے پیارے وطن” اپنی خوبصورت آواز میں گا کر حاضرین کو مسحور کر دیا۔ اس کے بعد محمد احسان اللہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے” پاکستان اور اس کے حصول کے مقاصد” کے موضوع پر پر اثر تقریر کی۔

محمد ابراہیم نے بھی وطن عزیز پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ عبدالہادی نے انگریزی میں "Pakistan and its potential” کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے سماں باندھ دیا۔ مقررین کی گفتگو کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ پروگرام میں یوتھ ونگ کی سالانہ سرگرمیوں کے بارے تفصیلی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔

پروگرام کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری فیصل مجید اور ڈائریکٹر پاسپورٹ محمد عثمان نواز تھے،پروگرام کی صدارت اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے کی۔ پہلے سیشن میں سمر کیمپ میں خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ اور ٹیم یوتھ ونگ کو اسناد دی گئیں۔

مہمان خصوصی فیصل مجید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ علاقائی صورت حال دیکھتے ہوے ہمیں اب یہ یقین کر لینا چاہیے کہ پاکستان کا مستقبل اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، لہذا نوجوانوں کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ علم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوںمیں اضافہ کریں۔

صدر مجلس حافظ حفیظ الرحمن نے اختتامی خطاب میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ہماری ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے فلسطین کا بطور خاص ذکر کیا اور بتایا کہ فلسطین اور بیت المقدس ہم مسلمانوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے اتحاد ملت کی ضرورت پر زور دیتے ہوے نوجوانوں کو اس طرف خاص توجہ دینے کی نصیحت فرمائی۔

دوسرے سیشن میں سمر کیمپ کے 46 بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ بچوں کے والدین نے اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ یوتھ ونگ کی ٹیم نے سمر کیمپ میں جس طرح ہمارے بچوں کو سکھایا، ان کی تربیت کی، اور ان کا خیال رکھا، اس طرح تو شاید ہم خود بھی نہ کر پاتے۔

والدین نے کہا کہ اس سمر کیمپ کی وجہ سے ہمارے بچوں پر بہت مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور بچے بہت اچھی اور مفید چیزیں سیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئیے تا کہ ہم اپنے بچوں کو اس تربیت گاہ میں شامل کرتے رہیں۔

آخر میں جاوید اقبال نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا، پروگرام کی کمپیئرنگ ڈاکٹر احسن حنیف اور محمد آصف نے کی، کویت میں موجود تمام میڈیا چینلز نے جشن آزادی کے پروگرام کی بھرپور کوریج کی۔ آخر میں حاضرین مجلس کے لیے بہترین عشائیے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!