بزنس کانفرنس کی صدارت چنار ونگ کے صدر امجد کبیر نے کی، مہمان خصوصی قونصل جنرل حسین محمد تھے
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات باہمی احترام، تعاون اور دوستی کی بنیاد پر استوار ہیں، قونصل جنرل حسین محمد
متحدہ عرب امارات میں مقیم تاجر برادری کے اراکین نے بھی اس تقریب میں شرکت کی
دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) میں منعقدہ چنار بزنس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس تقریب کا اہتمام مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں اور پیشہ ور افراد کو اکٹھا کرنے اور تاجروں اور صنعت کاروں کو نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ حالیہ برسوں میں عالمی کاروباری منظرنامے میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائزیشن اور نئے اقتصادی ماڈلز کے عروج نے کاروبار کے کام کرنے کے طریقے کو تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے نئے شعبے ترقی اور اختراع کی ناقابل یقین صلاحیت کے ساتھ ابھر رہے ہیں۔
حسین محمد نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات ہمیں بامعنی بات چیت میں مشغول ہونے، کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور معیشتوں اور تجارت کو تشکیل دینے والے تازہ ترین رجحانات سے باخبر رہنے کی اجازت دیتی ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلقات باہمی احترام، تعاون اور دوستی کی بنیاد پر استوار ہیں۔
قونصل جنرل حسین محمد نے مزید کہا کہ بحیثیت تارکین وطن، یہ ضروری ہے کہ ہم مقامی قوانین کے لیے اپنا احترام ظاہر کریں اور قوانین کی مکمل پاسداری کریں،کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے، قونصل جنرل نے کہا ہم آپ کی کوششوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ مل کر کام کرنے سےہم چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کر سکتے ہیں اور آنے والے سالوں میں اس سے بھی زیادہ امکانات کو کھول سکتے ہیں۔تقریب کی صدارت امجد کبیر، صدر پاک چنار ونگ، پی اے ڈی نے کی۔
ڈاکٹر فیصل اکرام، صدر پی اے ڈی، علی زیب خان، تجارت اور سرمایہ کاری کونسلر، شیخ محمد، دبئی میونسپلٹی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم تاجر برادری کے بہت سے اراکین نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔