ویانا:دعوت اسلامی کے تحت پاکستانیوں کی پہلی مسجد بلال میں سید فخر شاہ کی جانب سے اجتماعی افطار کا انعقاد
آسٹریا ،ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق)دعوت اسلامی کے تحت پاکستانیوں کی پہلی مسجد بلال میں سید فخر شاہ کی جانب سے اجتماعی افطار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بالخصوص اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔
اس موقع پر ذکر نعت محفل کا آغاز دعوت اسلامی کے نگران ارشد عطاری کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ نعت شریف کی صورت میں گلہائے عقیدت کے پھول پیش کرنے کی سعادت مختلف نعت خوانان کو حاصل ہوئی۔افطاری سے قبل دعوت اسلامی کے نگران ارشد عطاری نے اپنے سنتوں بھرے بیان میں رمضان شریف کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اُتارا گیا ہے جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں، پس تم میں سے جو کوئی اس مہینہ کو پالے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے اور جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں (کے روزوں) سے گنتی پوری کرے۔
ا ﷲ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے دشواری نہیں چاہتا اور اس لیے کہ تم گنتی پوری کر سکو اور اس لیے کہ اس نے تمہیں جو ہدایت فرمائی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کرو اور اس لیے کہ تم شکر گزار بن جاؤ۔‘‘
مزید ان کا کہنا تھا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے۔
دعوت اسلامی کے نگران ارشد عطاری نے دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ فلسطین اور استحکام پاکستان او حاضرین شرکاء کے لواحقین کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ محفل کے آخر میں سید فخر شاہ کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کا اجتماعی افطار میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔