آرائیں ایسوسی ایشن برطانیہ کی جانب سے ورنتھ سویٹ اینڈ کانفرنس ہال اولڈہم میں سالانہ میچ میکنگ تقریب کا انعقاد
اولڈہم (محمد فیاض بشیر سے) آرائیں ایسوسی ایشن برطانیہ کی جانب سے ورنتھ سویٹ اینڈ کانفرنس ہال اولڈہم میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین چوہدری محمود الحسن لمبردار نے سالانہ میچ میکنگ تقریب کا انعقاد کیا جس میں چیئرمین میاں طارق عزیز ،شریک چیئرمین سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ میاں فیصل رشید ،گریٹر مانچسٹر کے صدر ممتاز کاروباری سماجی شخصیت چوہدری عبد الکریم،ایونٹ انچارچ میاں محمد فاروق،سیکرٹری مالیات میاں نعیم جاوید ،کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری مسرت ، کمیونٹی خاتون رکن فرزانہ ،عدیل چوہدری وکمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کی شرکت ۔
اس موقع پر چیئرمین میاں طارق عزیز کا کہنا تھا کہ ذات پات سے بالاتر ہو کر جو والدین اپنے بچوں و بچیوں کے رشتہ ازدواج کی وجہ سے پریشان ہیں انہیں ایک چھت کے سائے تلے سہولت مہیا کی ہے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے سے مل سکیں مستقبل میں ہماری کوشش ہے کہ اس کا انعقاد سال میں تین دفعہ کریں ۔

گریٹرمانچسٹر کے صدر چوہدری عبد الکریم نے کہا کہ تقریب کا انعقاد برداری سے بالاتر ہو کر کیا ہے تاکہ جو والدین اپنے بچوں کے رشتوں بارے پریشان ہیں وہ آپس میں ملکر ایک دوسرے بارے جان سکیں ۔شریک چیئرمین سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ میاں فیصل رشید نے کہا کہ ہم نے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جہاں پر جو لوگ اپنی اولاد کے رشتوں کی وجہ سے پریشان ہیں وہ آپس میں باہمی ہم آہنگی پیدا کرسکیں ۔
میزبان چوہدری محمود الحسن لمبردار نے کہا کہ انہوں نے رنگ و برادری سے بالاتر ہو کر ایک گلدستہ بنایا ہے اور تمام مسائل کے حل کو ممکن بنانے کے لیے ایک چھت کے سائے تلے پاکستان کا جھنڈا گاڑ دیا ہے ۔ سماجی سرگرم خاتون فرزانہ نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو آپس میں گل مل ایک دوسرے کے ساتھ متعارف کروا رہے ہیں اور انکے چہروں پہ خوشی و اطمینان ہے، آرائیں ایسوسی ایشن کی کاوش قابل ستائش ہے ۔
عدیل چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں بچوں کے رشتے میں کافی مشکلات آتی ہیں آرائیں ایسوسی ایشن نے تمام برادریوں کو ایک پلیٹ فارم پہ اکٹھا کیا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں و بچیوں کو رشتہ ازدواج میں بندھ سکیں ۔ ممتاز کاروباری سماجی شخصیت چوہدری مسرت نے کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاندانوں کو اپنے بچوں و بچیوں کے شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے اور جب اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہو گا تو اس سے ان مشکلات پہ قابو پایا جا سکتا ہے ۔
تقریب میں شریک دیگر افراد نے بھی اس تقریب کو انتہائی مفید قرار دیاآرائیں ایسوسی ایشن برطانیہ کی برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کی نوجوان نسل کو شادی کے بندھن میں بندھنے بارے مناسب رشتے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو کمیونٹی کے اندر بے حد پذیرائی حاصل ہے۔