بہاولنگر(ایس عبدالغفور قیصر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر بہاولنگر کے گورنمنٹ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ برائے خواتین میں پنجاب کلچر ڈے منایا گیا جس میں ادارہ ہذا کی طالبات نے اپنے اساتذہ کی رہنمائی میں رنگارنگ پروگرام پیش کئے جس میں پنجاب کی ثقافت کو منفرد اور بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔ کلچر ڈے کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐسے ہوا۔
اس موقع پر ٹیلرنگ کلاس کی طالبات حفصہ رحمن، مسرت ظہور، اقرا شبیر اور ایمن ندیم نے خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کیا جبکہ نور فاطمہ اور فضیلت نے پشتو زبان میں نغمہ پیش کیا۔ نویں کلاس کی طالبات حفصہ ارشد، مویریہ اقبال، یاسمین صبا نے پنجابی لڑکے کا کردار ادا کیا۔ فاطمہ ستارہ، مومنہ اور جویریہ نے بلوچی لباس جبکہ فرحت نے پشتو لباس زیب تن کیا۔
ادارہ ہذا کی طالبات طیبہ غوث اور نمرہ غوث نے پنجابی گانا اور حلیمہ سعدیہ نے ملی نغمہ سنیا۔ کلاس دھم کی طالبہ ام کلثوم نے تلاوت کلام پاک کی جبکہ کائنات نقوی نے اپنی مترنم آواز میں نعت رسول مقبول ؐپیش کی۔ بعدازاں ام کلثوم اور کائنات نے ٹیبلو پیش کیا جبکہ آسیہ بی بی نے پشتو لباس میں پٹھان بھائی کا کردار بطریق احسن ادا کیا، جسے ناظرین نے بہت شوق سے دیکھا اور پسند کیا۔
تقریب کے آخر میں گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین بہاولنگر کی پرنسپل مسز ثمینہ عامر رائو نے طالبات کو کلچرل ڈے کے موقع پر اچھی پرفارمنس پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن اور تہواروں کو منانا نہیں بھولتیں اور نہ ہی اپنے کلچر کو فراموش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی ذہنی نشوونما کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے، پرنسپل نے طالبات کو اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو پڑھ لکھ کر اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرنا ہے۔