"بلیک ڈے کشمیر” کے موقع پر27 اکتوبر2023 کوسفارتخانہ پاکستان ابوظہبی میں سیمینار کا انعقاد

0

ابوظہبی میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی

جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل کیا جائے

ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، سفیر پاکستان

دبئی (طاہر منیر طاہر) سفارتخانہ پاکستان ابوظہبی میں 27اکتوبر2023کو یوم کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ابوظہبی میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے ’’یوم سیاہ‘‘ پر خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اپنے خطاب میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یاد دلایا کہ یہ 27 اکتوبر 1947 کا دن تھا جب بھارت نے اپنی افواج کو غیر قانونی طور پر اتار کر جموں و کشمیر کے بڑے حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کی مذمت کی جاتی ہے۔

سفیر ترمذی نے مزید کہا کہ اس دن پاکستانی عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی خواہشات کے مطابق ان کے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

05 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے سفیرفیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو ان کی منصفانہ جدوجہد آزادی سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے عالمی برادری سے جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے اور کرتا رہے گا۔

فیصل نیاز ترمذی نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دکھایا گیا تھا۔

تقریب کا اختتام کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کے لیے ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!