امارات میں مقیم پاکستانی کرسچین کمیونٹی نے پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبہ سے منایا

0

یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد پی یم ایل این کے منارٹی ونگ کی طرف سے دبئی میں کیا گیا

تقریب میں مسیحیوں کے ساتھ ساتھ مسلم کمیونٹی کے لوگوں کی بھی شرکت

ہم اسی صورت میں ترقی کر سکتے ہیں جب ہم قائد کے احکامات پر عمل کریں، جان قادر

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات اقلیتی ونگ نے دبئی میں پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ مسلم لیگ ن کے شہزاد بٹ، سہیل عامر گھمن اور سلمان پرویز اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے،انہوں نے مسیحی کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

متحدہ عرب امارات میں مسلم لیگ ن اقلیتی ونگ کے جان قادر کی جانب سے منعقدہ تقریب کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے لیے مسلمانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ جان قادر نے مہمانوں کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ ہم آج بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں عیسائی موجود نہ ہوں۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء سے کہا کہ مسیحی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے مسلم لیگ ن اقلیتی ونگ کے جان قادر نے کہا کہ پاکستان کا یوم آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کس طرح اور کتنی محنت کے بعد وطن حاصل کیا جہاں آج ہماری نسلیں آزادی کا سانس لے رہی ہیں ورنہ آج ہم غلام ہوتے۔

پاکستان کا حصول ایک طویل جدوجہد ہے جس میں شہادتوں کی ایک طویل فہرست ہے۔ آج ہم اپنا ماضی بھول چکے ہیں۔ ہمیں ماضی کو یاد رکھنا چاہیے اور قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ان اصولوں پر خلوص نیت سے عمل کرنا چاہیے جو قائداعظم نے وطن عزیز کے لیے وضع کیے تھے۔ اگر ان پر عمل کیا جائے تو ملک دوگنی اور چوگنی ترقی کر سکتا ہے۔

یاد رکھیں، ہم اسی صورت میں ترقی کر سکتے ہیں جب ہم قائد کے احکامات پر عمل کریں۔ کیونکہ مخلصانہ عمل ہی ملک کو ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ تقریب میں قومی ترانہ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اورآزادی کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

پروگرام کے آخر میں جان قادر نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سناورگل، عا شرامون، کوکب سیموئل، صابر مسیح، انیس مسیح، سہیل، صداقت گل، سونیا ندیم، انیقہ صداقت گل، مہرالنسا اور سمیر ڈیوڈ نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!