سویڈن میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لئے ایک نئی سیاسی جماعت وژن پارٹی کا قیام

0

مالمو (رپورٹ:زبیرحسین) حالیہ انتخابات میں سویڈن میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لئے ایک سیاسی جماعت پارٹیت نیانس منظرِعام پرآئی تھی جو الیکشن نتائج آنے کے فوری بعد اسکینڈلز کا شکار ہوکر سرد خانے کے نظر ہوگئی۔

انتخابات کے فوری بعد پارٹیت نیانس کے چند امیدواران جن میں خصوصی طور پر پاکستانی نژاد زبیر حسین اور نویدحسین کے کاغذاتِ نامزدگی جعلی ای میلز کے ذریعے واپس لینے کے لئے سویڈن کے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا گیا تھا۔

مذکورہ جعلی ای میل کے معاملہ نے اس وقت ایک بڑے سیاسی اسکینڈل کی صورت اختیار کرلی جب سویڈن کا نیشنل ٹیلی وژن چند ایسے حقائق سامنے لایا جو جعلی ای میل کے معاملے میں پارٹی قیادت کی جانب اشارہ کررہے تھے، یہ اسکینڈل ایک تحریک کی شکل میں تبدیل ہوا اور یوں ممبران اور امیدواران کی ایک بڑی تعداد نے پارٹیت نیانس کو خیرباد کہہ دیا۔

پارٹیت نیانس نے سویڈن بھر میں فقط تین کاونسلرز کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جن میں دو نشستیں اسٹاک ہوم کے علاقے بوت شرکااور اسکانے صوبے کے شہر لانڈسکرونا کی ایک نشست شامل تھی۔

مذکورہ کامیاب نشستوں میں سے پارٹیت نیانس کے سربراہ میکائل نے ایک نشست پر بطور کاونسلر اپنے قدم جما لئے جبکہ دیگر دو نشستوں پر کامیاب ہونے والے حمزہ اکاچا اور سیعاد بوسولادزچ نے پارٹیت نیانس سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے بطور آزاد امیدواراپنی نشستوں پر کام کرنا شروع کردیا، پارٹیت نیانس کے بانیان میں پاکستانی نژاد حسن خان کی انتھک محنت شامل تھی۔

حسن خان نے جب محسوس کیا کہ پارٹی میں جمہوریت کا عنصر نہیں رہا تو انہوں نے بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کی اور پھر یوں اقلیتوں کے ایک بڑے گروپ نے مل کر ایک نئی سیاسی جماعت کی بنیاد ڈالی جسے وژن پارٹیت کا نام دیاگیا، پارٹی لاؤنچنگ کی تقریب مالمو شہر میں منعقد کی گئی جہاں پارٹیت نیانس کے سابقہ امیدواران سمیت سویڈن کی نامور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

پارٹی سربراہ سیعاد بوسولادزچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج ایک ایسی پارٹی کی بنیاد رکھی ہے جو حقیقی معنوں میں جمہوری قدروں کو پورا کرکے اقلیتوں کی بھرپور نمائندگی کرے گی۔

تقریب میں قائم مقام انتظامیہ کا اعلان کیا گیا جبکہ رواں سال کے اختتام تک پارٹی انتخابات کے ذریعے نئی انتظامیہ اور ہر بڑے شہر میں تنظیم سازی کا اعلان بھی کیا گیا، تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شرکاء کے لئے خصوصی طعام کا اہتمام بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ پارٹیت نیانس کے جعلی ای میل اسکینڈل کی اب تک پولیس تفشیش کررہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی قائمہ کمیٹی کے فیصلے کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستانی امیدواران کی نامزدگیوں کو دوبارہ بحال بھی کردیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!