ماسکو:صدر پاکستان کمیونٹی روس ملک شہباز کی جانب سے پاکستانی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا اہتمام

0

پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے پاکستانی اداروں کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے،ملک شہباز

ملک کے استحکام کیلئے اپنامثبت کرداراداکریں،ملک یاسرفیض کی پاکستانیوں سے اپیل

سوشل میڈیا پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا کا حصہ نہ بنیں،چوہدری زاہد خورشید

اداروں پر تنقید کرنے سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے،رمیض علی ربانی

ہم اپنے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،چوہدری حمزہ،آصف ہاشمی

ماسکو(شاہد گھمن سے) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے پاکستانی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ماسکو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بابر اسلام،چوہدری زاہد خورشید، ملک یاسر فیض،رمیض علی ربانی، آصف ہاشمی، خواجہ وقار، محمداسلام سمیت پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک شہباز کا کہنا تھاکہ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کیلئے پاکستانی اداروں کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے اس کیلئے پاکستانی عوام کو اپنے اداروں پر تنقید کی بجائے ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ہماری خاطر سرحدوں پر شہید ہورہے ہیں ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اس لئے ہم اپنے اداروں اور بالخصوص پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور اداروں کے خلاف گھٹیا پراپیگنڈا بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ کونسل کے نائب صدرملک یاسرفیض کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں سست، کاہل اور آپس میں لڑنے والی قوموں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میری پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ملک کے استحکام کیلئے اپنامثبت کرداراداکریں اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ففتھ اور سکستھ جنریشن وار مسلط کی گئی ہے اس سے ہمارے ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جوکہ ناقابل قبول ہے۔ہمارے ادارے احسن طریقے سے اپنے کام سرانجام دے رہے ہیں ۔

اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی روس کے نائب صدر چوہدری زاہد خورشید نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے میں اپنے پاکستانی بھائیوں سے درخواست کروں گا کہ وہ بالکل اس کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی تعلقات کو اپنی سیاست تک ہی محدود رکھیں اس میں آپ اپنے اداروں کو نشانہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیسٹ ٹرانز کمپنی کے چیئرمین رمیض علی ربانی نے کہا کہ میرا یہ ایمان ہے کہ پاکستان کے اندر رہنے والا ہر شخص،چاہے وہ مسلم ہے یا غیر مسلم، جج ہے یا جرنیل ہے، سیاستدان یا غیر سیاستدان سب محب وطن ہیں ہمیںغداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے سے گریز کرنا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا حق ہونا چاہئے لیکن اس کی آڑ میں کسی کی ذات یا اپنے اداروں کا نشانہ بنا نا بالکل ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ شخصیات پر تنقید کی جاسکتی ہے لیکن اداروں پر تنقید کرنے سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہم ایک دوسرے کے دشمن بنتے جارہے ہیں جس سے اجتناب کرنا بہت ضروری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حمزہ اور آصف ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور سوشل میڈیا پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف ایک مخصوص مہم کی شدید مزمت کرتے ہیں ۔پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے تقریب کے شرکاء کیلئے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!