اردو انجمن برلن کے زیراہتمام عشرت معین سیما کے شعری مجموعے کی رسم اجراء اور ڈاکٹر فاطمہ حسن (پاکستان) کا خصوصی لیکچر

0

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)گذشتہ اتوار اردو انجمن برلن کے زیر اہتمام جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک کامیاب ادبی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان سے خصوصی طور پر آنے والی نامور ادیبہ و شاعرہ ڈاکٹر فاطمہ حسن نے شرکت کی اور اپنے خصوصی لیکچر میں اردو زبان میں انسانیت اور بقائے باہمی کے حوالے سے ایک جائزہ پیش کیا۔

اس تقریب کے دوسرے حصے میں عشرت معین سیما کے تازہ شعری مجموعے ’’ با اہتمام ِ جنوں ‘‘ کا اجراء کیا گیا اور مقامی شعراء کے ساتھ ایک شعری نشست بھی کی گئی۔ اردو انجمن کی اس شاندار تقریب ملاقات میں برلن کی ادبی، علمی ، سیاسی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ سفارتخانہ پاکستان کی پریس کونسلر حنا ملک نے بھی خصوصی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ اتوار کی سہ پہر برلن کے وسط شونے بیرگ کے ایک ہال میں اردو انجمن کا سالانہ جلسہ اردو زبان و ادب میں انسانیت کی بقا اور سماجی استحکام کے حوالے سے ایک خصوصی مقالے کا اہتمام کیا گیا جس کے لیے ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کراچی سے خصوصی شرکت کی ۔ اس تقریب کی نظامت انجمن کے نائب صدر انور ظہیر رہبر نے کی۔

تقریب کے آغاز میں پاکستان اور دنیائے زبان و ادب میں اردو زبان کی حیثیت اور انسانیت کی بقا اور سماج میں استحکام کے حوالے سے مفصل اور دلچسپ گفتگو کی۔ انہوں نے اکادمی ادبیات کے ڈائریکٹر جناب ڈاکٹر یوسف خشک کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں اس وقت سات ہزار سے زائد زبانوں کو عالمی زبان کے زمرے میں لیا گیا ہے جس میں اردو زبان چوتھے نمبر پر ہے۔ اس حوالے سے اردو زبان عالمی سطح پر ایک ایسی زبان کے طور پر سامنے آرہی ہے جو دنیا کے ہر خطے اور ہر ملک سے زبان کی ثقافت کو جوڑ رہی ہے اور ساتھ ہی بقائے باہمی کے لیے سماج کے کئی درجوں اور طبقوں پر عہد پہ عہد اپنے مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔

ڈاکٹر فاطمہ حسن نے ادب میں نسائی شعور اور تنقید کے حوالے سے اپنی گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے 1920سے لے کر2020تک کے دور کی خواتین کی شاعری کو اپنی ایک تحقیق کا موضوع بنایا ہے اور ایک ایسی کتاب ترتیب دی ہے جس میں اُن خواتین کا شعری حوالہ موجود ہے جو شعوری سطح پر اردو شاعری اور ادب کو اپنے عہد کی آواز بنا رہی ہیں، تقریب میں عشرت معین سیما کے تیسرے شعری مجموعے’’ با اہتمامِ جنوں ‘‘ کا بھی اجراء کیا گیا۔

تنظیم کے صدر عارف نقوی نے اردو انجمن کی جانب سے عشرت معین سیما کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سراہا اور حاضرین کو بتایا کہ عشرت معین سیما کا کامیاب علمی و ادبی سفر اور اُن کی اردو انجمن میں شمولیت جرمنی میں اردو ادب و شاعری کو پروان چڑھانے کے لیے مسلسل جاری ہے۔

ڈاکٹر فاطمہ حسن کو اور عشرت معین سیما کو اردو انجمن کی جانب سے گلدستے پیش کئے گئے اور ڈاکٹر فاطمہ حسن کو اردو انجمن کی جانب سے صدر عارف نقوی نے اعزازی سند سے نوازا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاطمہ حسن نے پروگرام کے منتظمین کو پاکستان کی روایتی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

بعد ازاں حاضرین نے فاطمہ حسن اور عشرت معین سیما کی دستخط شدہ کتابیں خریدیں اور تحفتاً وصول کیں۔ پروگرام کے آخر میں مہمانوں کی تواضع کی گئی اور اردو انجمن کی ایک یاد گار شام اپنے اختتام کو پہنچی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!