کویت میں پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا،سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب

0

پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت،قومی پرچم کے بلند ہوتے ہی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) کویت میں سفارت خانہ پاکستان کے احاطے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتخانہ کا عملہ اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔

بچوں نے پاکستانی پرچم تھامے ہوئے تھے اور روایتی لباس میں ملبوس لوگوں نے پردیس میں دیس کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا، سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے پرچم کشائی کی۔ قومی پرچم کے بلند ہوتے ہی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

سفارت خانہ پاکستان کے قائداعظم آڈیٹوریم میں لوگوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے صدر اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔ سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کویت میں مقیم پاکستانیوں کی جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم تمام افراد پارٹیوں سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانی ہیں اور پاکستان کے مثبت پہلو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جشن آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ ہم ملک پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ جشن آزادی کی تقریب میں شرکا ءکا جذبہ دیدنی تھا۔

آخر میں یوم آزادی کی مناسبت سے سفیر پاکستان نے بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!