اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام ‎جلسہ "سیرت النبیؐ” کا انعقاد

0

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) ‎کویت میں اسلامی و فلاحی تنظیم اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک عظیم الشان "جلسہ سیرت النبی” ‎کا انعقاد کیا گیا جس میں کویت میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری، دینی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ہزار کے قریب پاکستانیوں نے اس خوبصورت محفل میں شرکت کی۔ ‎پروگرام کی نظامت آئی ای سی کے نائب صدر اطہر مخدوم نے کی۔‎پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے کیا گیا جس کی سعادت قاری صہیب انجم نے حاصل کی۔ ‎اس کے بعد ثناء خوانان رسول عبدالروف بھٹی، خالد اعوان اور قاری صہیب انجم نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔‎

سیرت کے حوالے سے مختصر بیان اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے شعبہ تربیت کے ناظم عبدالرحمان عباسی نے کیا۔ خصوصی بیان کے لیے بالخصوص پاکستان سے تشریف لائے ہوئےمولانا حافظ حفیظ الرحمن نے پروگرام کا مرکزی خطبہ پیش کیا۔‎ انہوں نے نہایت خوبصورت اور دل کش انداز میں قرآن کریم اور احادیث مبارکہ اور اصحاب رسولؐ کے واقعات کی روشنی میں حضور نبی کریمؐ کی سیرت بیان کی۔

‎مقررین نے حضور اکرمؐ کے خصائل و فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حضوؐر کی تعلیمات کو بھی حاضرین کے سامنے رکھا اور بتایا کہ امت مسلمہ کے لیے حضوؐر کی سیرت و تعلیمات اور اسلام کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنا کتنا ضروری ہے کہ اس کے بغیر انسانیت اپنے اصل مقام تک نہیں پہنچ سکتی اور آپؐ کی سیرت اور آپ کی تعلیمات پر عمل کر کے آج بھی مسلم امہ بنی نوع انسان کی امامت کے مرتبے پر فائز ہو سکتی ہے۔

‎مجلس کے مہمان خصوصی سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان ملک محمد فاروق نے بھی اس محفل میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم اپنے ہنر و فن میں یکتا ہے، جس کی ذہنی صلاحیتوں اور اپنے کام سے محبت کی دنیا معترف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اندر اتفاق، اخوت و محبت اور قومی ہم آہنگی پیدا کریں تا کہ ہماری صلاحیتیں ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی کا ذریعہ بن سکیں،انہوں نے کہا کہ جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں مقررین نے حضور اکرمؐ کے جو خصائل بیان کیے ہیں ان پر عمل کرنا ہی ہمارے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔

وزارۃ اوقاف و مسجد الکبیر کے نمائندہ الشیخ محمد علی نے جالیات پاکستان کو خوش آمدید کے ساتھ ساتھ کہا کہ پاکستانی ہمیشہ تعاون کرتے ہیں اور قانون کی پاسداری کرتے ہیں۔‎صدارتی خطبہ صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی، جاوید اقبال نے دیا۔ انھوں نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور آپس میں اتحادویگانگت کے ساتھ رہنے کادرس دیا۔

پروگرام سیرت رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے کوئز کی قرعہ اندازی میں انعامات وصول کرنے والوں میں محمد ندیم، افتحار احمد، یحییٰ عبیداللہ، زین ندیم اور ملک ظہیر شامل تھے۔‎پروگرام کے میزبان اطہر مخدوم نے کمیونٹی کی شخصیات، حاضرین مجلس اور سفارت خانہ سے تشریف لائے مہمان خصوصی کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔

اس پر وقار تقریب کا اختتام اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے سینئر مشیر مشتاق احمد کی دعا کے ساتھ ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!