ممبئی (سپورٹس رپورٹ)گلین میکس ویل کی نا قابل یقین ڈبل سنچری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایک بار پھر سیمی فائنل میں جانے کی آس دلادی ہے۔
پاکستان کی راہ میں حائل افغان ٹیم اب مشکل صورتحال میں گھر گئی ہے۔سری لنکا نیوزی لینڈ کو ہرائے یا میچ بارش کی نذر ہوجائے اور پاکستان انگلینڈ کو شکست دے دے تو وہ بھارت کے ساتھ 16 نومبر کو کول کتہ میں سیمی فائنل کھیل سکتا ہے۔
گلین میکسویل کی شاندار اننگ کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
آسٹریلوی بیٹنگ لائن افغانستان کے خلاف اننگ کے شروع سے مشکلات کا شکار رہی اور 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 18 اور صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش 24 اور مارنس لبوشین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جوش انگلس 0، مارکس اسٹوئنس 6 اور مچل اسٹارک 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جس کے بعد اننگ کی کمان گلین میکسویل اور کپتان پیٹ کمنز نے سنبھالی اور آٹھویں وکٹ پر ریکارڈ 202 رنز کی شراکت قائم کی۔
گلین میکسویل نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں میکسویل کا بھرپور ساتھ دیا۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔