گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل اورعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر پرسیمینار

0

میرپور(تارکین وطن نیوز)گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل آزاد کشمیر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور کے تعاون سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔گلوبل پاکستان کشمیرسپریم کونسل ایک غیر سیاسی تنظیم اور تھنک ٹینک ہے جو دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم اور جبر کے خلاف کام کرتی ہے۔تنظیم اس سے پہلے بھی یوم یکجہتی کشمیر پر سیمینار کا اہتمام کر چکی ہے۔

سیمینار کی نظامت کے فرائض تنظیم کے آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری راجہ عبدالرؤف خان نے سرانجام دئیے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر میرپور شوکت علی تھے جب کہ صدارت شوکت مجید ملک ریٹائرڈ سیکرٹری حکومت آزاد ریاست جوں و کشمیر نے کی۔ تقریب کا با قاعدہ آغاز اللہ تعالی کے بابرکت نام سے ہوا۔ سینئر صحافی ظہور رشید نے تلاوت قران مجید کا شرف حاصل کیا۔ مقبوضہ کشمیر سے آئی ہوئی بیٹی امرینہ مقبول نے اپنی مدھر آواز میں نعت رسول ﷺ پڑھی۔ سیمینارکے آغاز میں گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل کے آزاد کشمیر چیپٹر کے صدر سید شبیر احمد نے حاضرین کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی تنظیم کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی تنظیم ماضی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے۔یاد رہے کہ سید شبیر احمد نے پچھلے سال یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انڈین ایمبیسی لندن کے سامنے مظاہرہ بھی کیا تھا۔فیصل شہزاد ریجنل ڈائریکٹر علامہ اوپن یونیورسٹی میرپور نے سیمینار کے شرکاء کا تقریب میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور یوم یکجہتی کشمیر منانے کی غرض و غایت پرر وشنی ڈالی۔ تنظیم کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر راجہ عبدالرحمن نے کشمیر کی تاریخ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جبرو زیادتیوں پر بات کی۔

ریٹایرڈ ڈائریکٹر جنرل میاں محمد بخش لائبریری قاضی زبیر احمد مسئلہ کشمیر پر خاصی دسترس رکھتے ہیں انھوں نے بڑی مدلل گفتگو کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے کشمیر میں بھارت کی ظلم و زیادتیوں کو روکنے میں اپنا کردارادا کرنے کا مطالبہ کیااور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر اپنا رویہ مثبت بنانے پر زور دیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرخواتین فرح اویس نے اپنی تقریر میں عصرِ حاضر کے تقاضوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔بلدیہ میرپور کے ڈپٹی میئر اور ممتاز سینئر صحافی محمد رمضان چغتائی نے تقریب منعقد کرنے پر گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل کے صدر کی کوششوں کو سراہا اور اس طرح کے سیمینار منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں معاشرے کے سب طبقوں سے افراد شرکت کریں۔

اس طرح کے پروگرام میں مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔سابق صدرمیرپور بار ایڈوکیٹ راجہ امتیاز حسین نے کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لیے مستقل مزاجی سے کوششیں کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مکالمہ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام مستقل بنیادوں پرمنعقد کرنے کی ضرورت ہے۔ ممتاز ماہر تعلیم اور صدر معلم مرزا فاروق جرال نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنی نظم سنائی۔ مہمان خصوصی کمشنر میرپور شوکت علی نے تنظیم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرنے کے لیے پروگرام ترتیب دینے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے معاشرے کے افراد پر زور دیا کہ وہ سب اکٹھے ہو کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔

انھوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اچھی وکالت کی ضرورت پر زور دیا۔صدرِ محفل ریٹائرڈ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر حکومت شوکت مجید ملک نے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے اور سپریم کورٹ کے اس اقدام کو درست قرار دینے پر بھارتی ریاست اور عدالتوں کی بھرپور مذمت کی اور عالمی عدالت کو اس میں مداخلت کر کے کشمیر کی ریاستی حیثیت کو برقرار رکھنے اپنا کردار ادا کرنے کو کہا۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں سرکاری اور غیر سرکاری افسران و شہریوں کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

ان میں معروف شاعر زوالفقار علی اسد،،میاں محمد بخش لائبریری کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عبدالرزاق چودھری،، سٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم 92سونیہ انور چودھری، سینئر صحافی اور سٹیشن چیف APP میرپور الطاف حمید راؤ،ریٹائرڈ پرنسپل پروفیسر محمد بشیر چودھری، پروفیسر خواجہ خورشید احمد، ممتاز ماہر تعلیم اور چیئرمین یونین کونسل پنیام محمد بشیر پرواز،انجمن فلاح و بہبود ِانسانیت کے صدرڈاکٹر طاہر محمود، پروفیسر محمود حسین، سول سوسائٹی سے چودھری محمد یسین، عبدالرحیم جوشی، خواجہ محمد حنیف، پرنسپل فاران کالج سسٹم مرزا وجاہت بیگ،ماہر تعلیم میاں محمد ساجد، سینئر صحافی اور پریس کلب کے سابق صدر ظفر مغل،ممتاز یو ٹیوبر اور صحافی جہانگیر مغل اور ہمایوں مرزا،ریٹائرڈ ڈویژنل ڈائریکٹر سکول افضال بیگ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی آئی ڈی جاوید ملک شامل ہیں۔ پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا اور کے ٹو ٹی وی نے تقریب کی کورج کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!