حالیہ بارشوں کے دوران لوگوں کی مدد کرنے پر پاکستانی قونصلیٹ دبئی کی جانب سے پاکستانی رضاکاروں کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں

0

ہمیں پاکستانی رضاکاروں پرفخر ہے جنہوں نے سیکڑوں لوگوں کی مدد کی اور غیر معمولی ہمت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا، قونصل جنرل

مدد کی درخواستیں وصول کرنے کے لئے موبائل ایپلیکیشن تیارکر لی گئی

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستانی رضاکاروں کی ایک ٹیم جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں کے دوران سیکڑوں لوگوں اور درجنوں گاڑیوں کی مدد کی اور انہیں ریسکیو کیا ان کا قونصلیٹ میں قونصل جنرل حسین محمد نے پرتپاک استقبال کیا۔ رضاکاروں کو ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں قونصل جنرل نے تعریفی اسناد سے نوازا۔

اس موقع پر قونصلیٹ کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔قونصل جنرل نے کہا کہ ہمیں پاکستانی رضاکاروں پر بے حد فخر ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران غیر معمولی ہمت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔ ضرورت مندوں کو بچانے کے لیے ان کی بے لوث لگن انسانیت کے حقیقی جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ انسانیت کی خدمت اور مہربانی کے اس طرح کے اقدامات سے دوسروں پر واضح طور پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور لوگوں کو بحران کے وقت اس طرح کا تعاون کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

قونصل جنرل نے کہا کہ ہم ان رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں،رضاکار ٹیم کے اراکین میں تنویر اطہر، سلیمان تنویر، شاہد ابراہیم گل، محمد اویس، عفان تنویر اور عالی زیدی شامل تھے۔ "حالیہ بارشوں میں ہماری خدمات کے بعد بہت سے رضاکاروں نے ہم سے رابطہ قائم کیا ہے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی کوشش کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔

رضاکاروں نے بتایا کہ وہ صحراؤں میں پھنسے لوگوں کو بھی بچا رہے ہیں اور مدد کی درخواستیں وصول کرنے کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن تیار کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!