ادبی تنظیم "آمور” کے زیر اہتمام سال نومیں "ایک دیا جلانا ہے” کے عنوان سے پہلے مشاعرہ کا انعقاد

0

فلیٹیز ہوٹل لاہور میں ہونے والے مشاعرہ کا انتظام عالمی مشاعروں کے آرگنائزر ،شاعر امجد اقبال امجد نے کیا

مشاعرے کی نظامت کے فرائض معروف شعری شخصیات ممتاز راشد لاہوری اور روبینہ صاحبہ نے سر انجام دیے

شعراء ثقلین، راغب، شہزادہ علی، عابدہ نذیر اور ڈاکٹر شاہد نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) ادبی تنظیم "آمور” کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل لاہور میں نئے سال کا پہلا مشاعرہ بعنوان "ایک دیا جلانا ہے منعقد ہوا، جس کی صدارت مشہور شاعر جناب ڈاکٹر نذیر قیصر نے فرمائی۔ یہ باوقار تقریب ڈاکٹر پروفیسر مدیحہ بتول کی محنت اور بہترین آرگنائزیشن کا نتیجہ تھی۔

مشاعرے کی نظامت کے فرائض معروف شعری شخصیات ممتاز راشد لاہوری اور روبینہ صاحبہ نے سر انجام دیے۔مہمانِ خصوصی کے طور پر مشہور عالمی مشاعروں کے آرگنائزر , شاعر امجد اقبال امجد موجود تھے، جو 1988 سے دبئی میں مشاعرے منعقد کروا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ خصوصی مہمانوں میں جناب عباس صاحب اور لندن سے آئے مہمان جناب طاہر محمود سدھو بھی شامل تھے، جو لندن فیوچر کی بزنس کلب کے صدر ہیں۔تقریب کا آغاز طاہر محمود سدھو کی خوبصورت تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر مدیحہ بتول نے اپنی دلنشین آواز میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی اور محفل کو مدینہ کی روحانی فضاؤں میں لے گئیں۔ شاعرہ فاطمہ نے اپنے منفرد لہجے سے مشاعرے کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس کے بعد مشاعرے کی رونق کو مزید بڑھانے میں ثقلین، راغب، شہزادہ علی، عابدہ نذیر اور ڈاکٹر شاہد نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ممتاز راشد لاہوری نے اپنے کلام سے مشاعرے کو لوٹ لیا، جبکہ روبینہ جو سات مختلف زبانوں میں شاعری کرتی ہیں نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ ایس ایم ڈی پر تنظیم آمور کی ڈائریکٹر "لیلتہ القدر” کا خصوصی کلام پیش کیا گیا، جس نے مشاعرے میں روحانیت اور ادب کے حسین امتزاج کو نمایاں کیا۔

مہمانِ خصوصی امجد اقبال امجد نے اپنا تازہ کلام پیش کر کے سامعین کی بھرپور داد وصول کی، جبکہ عباس صاحب نے پنجابی کلاسیکل شاعری کے ذریعے محفل کو مزید دلکش بنا دیا۔ آخر میں صدرِ مشاعرہ ڈاکٹر نذیر قیصر نے اپنی دلکش شاعری سے مشاعرے کو بامِ عروج تک پہنچایا۔ ان کی شاعری محبت، ادب اور خلوص کا خوبصورت امتزاج تھی۔

تقریب کے اختتام پر سامعین اور مہمانوں نے آرگنائزرز، بالخصوص ڈاکٹر مدیحہ بتول اور تنظیم "لیلتہ القدر” کی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔یہ مشاعرہ نہ صرف ادب کے فروغ کا ذریعہ بنا بلکہ حاضرین کو ایک یادگار شام فراہم کر گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!