لندن(سدرہ بھٹی)لیڈر وہ نہیں ہوتا جو قوم کو اچھےاور بروں میں تقسیم کر دے بلکہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو اچھے اور برے کی تعریف بھی اچھی کرے اور انہیں زیادہ اچھے اور کم اچھے کے پیمانوں پر جانچے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سے آئے معروف شاعر،سرجن ،سابق پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور اور عالمی شہرت یافتہ موٹیویشن سپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال نے اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر جاوید اقبال ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ مختلف شہروں میں لیکچر کے لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سیسکو کالج میں مقامی کمیونٹی،سوشل ورکرز اور وکلا سے بھی خطاب کیا اور لوگوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔مبین رشید جو کسی تعارف کے محتاج نہیں ڈاکٹر صاحب کے پروگرامزکے انتظامات سنبھالتے میں پیش پیش ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ میں خود یہاں سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں یہاں ہر بندے کی اپنی کہانی ہے جو نیچے سےترقی کرکے اوپر اٹھاہے،ڈاکٹر جاوید اقبال نے مختلف ایشوز پر لیکچر دیا جسے شرکا نے بہت سراہا۔
انہوں نے والدین کو بچوں کی تربیت کے بارے میں بھی بتایا اور مختلف دیگر پہلوئوں پر بات کی،انہوں نے دین کے ساتھ مسلمان کے تعلق کو بیان کیا ۔
ڈاکٹر جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں قرآن پاک کو سمجھنا چاہئے اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنی چاہئے،ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ میں سردیوں میں دوبارہ برطانیہ کے دورے پر آئوں گا۔ تقریب میں انتظامیہ کی طرف سے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔