عمران خان تحریک لبیک پاکستان کیساتھ معاہدہ کی تفصیلات عوام کے سامنے لا ئیں،راؤ طاہر جنرل سیکرٹری پی پی پی کینیڈا
اوٹاوا(تارکین وطن نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے جنرل سیکرٹری راؤ محمد طاہر نےوزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان ہو ئے معاہدے کو عوام کے سامنے لایا جائے۔
کُچھ دن پہلے تک وفاقی وزراء ٹی ایل پی کو ملک دُشمن اور بھارتی پُشت پناہی سے چلنے والی جماعت قرار دیتے رہے اور پھر یکا یک اُس کو محب وطن قرار دے کر خفیہ معاہدہ کر لیا۔
قوم وفاقی حکومت سے سوال کرتی ہے کہ ان کا کون سا مُوقف صحیح ہے۔
میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق پی ٹی آئی اگلے انتخابات میں پنجاب میں ٹی ایل پی سے اتحاد کرنے والی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی صرف اپنی اقتدار کے لئے کسی کو بھی غدار اور محب وطن بنا سکتی ہے۔
عمران خان بتا ئیں کہ شہدائے پنجاب پولیس کے لواحقین کس کے ہاتھ پر اپنے پیاروں کا لہو تلاش کریں اور ان کا خون کس کے سر ہو گا؟
وفاقی وزراء جو ٹی ایل پی کو غدار قرار دیتے رہے ہیں ان میں ذرہ سی بھی غیرت ہو تو اس معاہدے کے بعد اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں یا غلط بیانی پر قوم سے معافی مانگیں۔