مسلم ہال لنڈن انٹاریو کینیڈا میں عید ملن پارٹی2025کا انعقاد

0

کینیڈا میں مقیم پاکستانی مرد و خواتین و بچوں کی بھر پور شرکت

سوال و جواب کا سیشن اور شرکائے تقریب کو تحفے دئیے گئے

مہمانوں کی تواضع نوع و اقسام کے روایتی کھانوں سے کی گئی

عید ملن پارٹی2025 مسلم ہال لنڈن انٹاریو کینیڈا میں منعقد ہوئی، ہال کو رنگ برنگے قمقموں جھنڈیوں اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔ اس خوبصورت اور وسیع و عریض ہال میں 100سے زائد کینیڈا میں مقیم پاکستانی مرد و خواتین لڑکیاں و بچوں نے شرکت کی۔تمام مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ یہ تقریب فیملیز کے مل بیٹھنے کا ذریعہ بنی۔

ہر ایک کے چہرے پر عید کی خوشیوں،محبتوں اور مسکراہٹوں کا راج تھا۔ کمپیوٹر کمپیرز شیخ محمد پرویز اور راشد حفیظ نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول کے لئے احمد بھائی اور عادل سہیل کو اسٹیج پر بلا کر تقریب کا آغاز کیا۔ پھولوں سے خوشبو لے کر،چاند سے روشنی لے کر،شھد سے مٹھاس لے کر، دل سے دعائیں دے کر، تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا۔ یوں ہر جانب سے عید مبارک، عید مبارک کی صدائیں بلند ہوئیں۔

میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا

یوں تو تمام دوست و احباب کے تعاون سے ہی ایسی خوبصورت محافل سجتی ہیں لیکن ہر ٹیم کا ایک کپتان ہوتا ھے اور وہ ہی ایسی دلفریب تقریب کو سجانے۔سنوارنے کا محور ہوتا ہے۔جو دن رات،ہفتوں مہینوں پلاننگ،محنت و رابطے کرتا ھے۔ پروگرام ترتیب دینے والوں مسٹر راشد و رابعہ راشد،مسٹر فہد و ثانیہ فہد کو پر جوش تالیوں کی گونج میں اسٹیج پر بلایا گیا۔

حاضرین نے کرسیوں سے کھڑے ہو کر منتظمین ساتھیوں کا استقبال کیا۔ایک بار پھر منتظمین اور حاضرین محفل کے درمیان عید مبارک کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔اسکے ساتھ ہی معزز مہمانوں، مرد و خواتین نے عید سعید کا کیک الگ الگ کاٹا۔ہر جانب عید کی خوشیاں تھیں اور ہر چہرہ مسرتوں سے دمک دہا تھا۔

تمام شرکاء عید کے دلفریب اور خوبصورت لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔مہمانوں کی ڈنر پر چکن بریانی،گوشت کا قورمہ، سیخ کباب، لاہوری اسٹائیل چنے کا سالن،رائتہ و سلاد ، چپاتی و روغنی نان پیش کئے گئے جبکہ اسٹارٹر میں پیزا،سموسے، گول گپے، شاورما، رشین سلاد، ٹھنڈے مشروبات،سویٹ میں کیک، گلاب جامن،کھیر اور فرنی پیش کی گئی۔

عید ملن پارٹی میں پاکستان،کینیڈا اور اسلامی اسٹڈی پر سوال و جواب کی محفل میں بچوں،خواتین وشرکاء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جیتنے والوں کو خوبصورت انعامات و تحائف پیش کئے گئے۔ عید ملن پارٹی کے مہمانوں کو تحفے ملے۔

آخر میں مسز ثانیہ فہد اور مسز رابعہ راشد نے تمام مہمانوں کا فردا” فردا” شکریہ ادا کیا۔تمام شرکاء بے حد مسرور تھے کہ ایسی تقریبات دلوں میں ایک خوبصورت یادگار بن کر ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]