سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد کا اپنی ٹیم کے ہمراہ ادارہ منہاج القرآن فرانس لاکورنیو مرکز کا دورہ

0

سفیر پاکستان نے منہاج القرآن میں قائم کیا جانیوالا مدرسہ،کلاسز، لائبریری اور دیگر حصے دیکھے

صدر منہاج القرآن فرانس راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان کو ادارہ بارے تفصیلی بریف کیا

پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) سفیر پاکستان فرانس عاصم افتخار احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ادارہ منہاج القرآن فرانس لاکورنیو مرکز کا دورہ کیا، سفیر پاکستان نے منہاج القرآن میں قائم کیا جانیوالا مدرسہ،کلاسز، لائبریری اور دیگر حصوں کا تفصیلی دورہ کیا، صدر منہاج القرآن فرانس راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان عاصم افتخار کو ادارہ منہاج القرآن فرانس بارے تفصیلی بریف کیا۔

بعد ازاں ادارہ منہاج القرآن فرانس کی جانب سے سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد کے اعزاز میں پرتکلف اعشائیہ کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے عملے سمیت منہاج القرآن فرانس کی سینئر قیادت و صحافی برادری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حاجی الطاف اور زاہد چشتی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا نذرانہ عقیدت پیش کیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے سیکرٹری جنرل منہاج القرآن فرانس طاہر عباس گورائیہ نے شرکاء محفل کا تعارف سفیر پاکستان عاصم افتخار سے کروایا۔

صدر منہاج القرآن فرانس راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان عاصم افتخار اور انکی ٹیم اور صحافی برادری کو خوش آمدید کہا، راجہ بابر حسین نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ منہاج القرآن کا نیٹ ورک فرانس کے تمام بڑے شہروں میں پھیلا ہوا ہے، منہاج القرآن کے ایگزیکٹو ممبران اپنے اپنے علاقوں میں ایکٹو بھی ہیں کمیونٹی کے درمیان موجود بھی ہیں، منہاج القرآن میں روزانہ وسیع پیمانے پر لنگر کا انتظام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جو ذمہ داری سفارتخانہ پاکستان کی ہے منہاج القرآن کی ذمہ داری بھی سفارتخانہ سے مناسبت رکھتی ہے، سفارتخانہ کا کام بھی کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے اور منہاج القرآن بھی کمیونٹی کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ پاکستان فرانس میں گزشتہ چند سالوں سے انقلاب آیا ہے سفارتخانہ پاکستان میں بہت بہتری آئی ہے اور امید ہے نئے سفیر پاکستان عاصم افتخار کی موجودگی میں مزید بہتری آئے گی۔

سینئر صحافی و کنوینئر پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس یونس خان نے اپنے مختصر خطاب میں ادارہ منہاج القرآن فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کیلئے کی جانیوالی خدمات کو سراہا، سفیر پاکستان فرانس عاصم افتخار احمد نے منہاج القرآن فرانس میں مدعو کرنے پر راجہ بابر حسین اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن ایک بڑا نیٹ ورک ہے، منہاج القرآن کی ٹیم بہترین انداز میں پروگرام آرگنائز کرنا جانتی ہے کیونکہ انکے لیڈر پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کو پرموٹ کرنے کیلئے منہاج القرآن سمیت جو بھی ایسوسی ایشنز کام کررہی ہیں وہ سب سفارتخانہ پاکستان کیلئے بھی بہت مفید ہے۔

منہاج القرآن فرانس کی جانب سے سفیر پاکستان کو ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی کتاب بطور تحفہ پیش کیا، آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!